921

عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے بھرپوراقدامات کئے جارہے ہیں ٗ محمدنواز ملک

فیصل آبا د ( سٹاف رپو رٹر)وزیراعظم محمدنواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے بھرپوراقدامات کئے جارہے ہیں اور انہیں سوئی گیس سمیت دیگر بنیادی ضروریات دہلیز پر فراہم کرکے وعدوں کی تکمیل کی گئی ہے۔یہ بات ایم این اے حاجی اکرم انصاری نے یونین کونسل 132بلاول کالونی میں سوئی گیس کی فراہمی کاافتتاح کرتے ہوئے کہی۔ارکان صوبائی اسمبلی محمدنواز ملک،حاجی خالد سعید،میئر میونسپل کارپوریشن محمدرزاق ملک،چیئرمین شیخ ذوالفقاراحمد،میاں شاہد زیارت،چوہدری ناصرگل،وائس چیئرمین رانا اختر محمود،چوہدری امین بٹ،حاجی بشارت بھولا،میاں طارق عزیز اوردیگر عہدیداران کے علاوہ حلقہ این اے 85سے تعلق رکھنے والے عمائدین علاقہ بھی موجود تھے ۔ایم این اے نے کہا کہ حلقہ میں تعلیم،صحت،مواصلات اور دیگر شعبوں میں تعمیروترقی کے ریکارڈ منصوبے مکمل کئے گئے ہیں اور بلاول کالونی کے عوام کے دیرینہ مطالبہ پر سوئی گیس بھی فراہم کردی گئی ہے جس سے اہل علاقہ کا بڑا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ کی تعمیروترقی کے لئے اقدامات جاری رکھیں گے۔ارکان صوبائی اسمبلی نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور سوئی گیس کی فراہمی کے اقدامات پر ایم این اے حاجی اکرم انصاری کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن عوامی خدمت پر پختہ یقین رکھتی ہے اور اسی کارکردگی کی بناء پر آئندہ انتخابات میں بھی کلین سویپ کریں گے۔میئر میونسپل کارپوریشن نے بلاول کالونی میں سوئی گیس کی فراہمی پر اہل علاقہ کو مبارکباددی اور کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ہر شعبے میں ریلیف دے رہی ہے اورعوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر خطیر فنڈزخرچ کئے جارہے ہیں۔دیگر مقررین نے حلقہ میں مثالی ترقی کے اقدامات کو سراہا اور سوئی گیس کی فراہمی پر ایم این اے محمداکرم انصاری کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں ارکان اسمبلی نے شعلہ جلا کر سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔

Comments

comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں